 |
| انڈونیشیا میں درخت لگائے جا رہے ہیں |
اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مقابلے کی غرض سے 2007ء میں دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں۔
نیروبی میں قائم اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی ادارے نے کہا ہے کہ شجرکاری کے اس منصوبے کا مقصد ماحول کوپہنچنے والے نقصان اور جنگلات کو کاٹنے کا مقابلہ کرنا ہے۔
اس پراجیکٹ میں ایتھوپیا سب سے آگے رہا جس نے 70 کروڑ درخت لگائے دوسرے نمبر پر میکسکیو تھا جس نے پونے22 کروڑ درخت لگائے ۔ شجرکاری میں دوسرے نمایاں ملکوں میں ترکی، کینیا، روانڈا اور انڈونیشیا تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ درخت حرارت کاباعث بننے والی ان گیسوں کو جذب کرتے ہیں جنہیں ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سمجھا جاتا ہے۔
شجر کاری کے اس منصوبے کے محرک امن کے نوبیل انعام یافتہ ونگاری ماتھائی تھے۔
اگلے ہفتے دینا بھر سے ماحولیات سے متعلق وزرا ماحولیات کے ایک نئے معاہدے پر گفت و شنید کے لیے انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں ملاقات کر رہے ہیں ۔
وزرا 2012ءتک ، جب ماحولیاتی تبدیلی کے کیوٹو پروٹوکول کی مدت ختم ہو جائے گی ، گرین ہا ؤس گیسوں کے اخراجات میں مزید کمی کی کوشش کر رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ نے منگل کے روز انسانی ترقیات کی ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیا کہ دنیا کے پاس ماحولیاتی تپش سے نبٹنے کے لیے دس سال سے بھی کم عرصہ باقی ہے ۔
رپورٹ میں ترقی یافتہ ملکوں سے غریب ملکوں کی مدد کے لیے اربوں ڈالر کے عطیوں کی اپیل بھی کی گئی ہے