کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ کے استعمال میں بے تحاشا ترقی کا جہاں زندگی کے دوسرے شعبوں نے فائدہ اٹھایا ہے، وہیں تعلیم کے میدان بھی انٹرنیٹ سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ اس کا ایک مظہر یہ سامنے آیا ہے کہ بہت سے مضامین کے بالکل مفت وڈیو اور آڈیو لیکچر اب آن لائن دستیاب ہیں۔
اور مزے کی بات یہ ہے کہ ایسے کالجوں اور یونیورسٹیوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے جو آن لائن مفت تعلیم فراہم کرر ہی ہیں۔ اس وقت دنیا بھر کے لگ بھگ ایک سو ساٹھ تعلیمی ادارے عام لوگوں کو مختلف مضامین کا مواد آن لائن مفت فراہم کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ان اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں جن امریکی اسکولوں اور یونیورسٹیوں نے آن لائن کورس فراہم کیے ہیں ان میں ییل ، جانز ہاپکنزا ور یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ، برکلی جیسے نام ور ادارے شامل ہیں۔
برکلی نے کہاہے کہ وہ یو ٹیوب پر لیکچروں کے ویڈیوز پیش کرے گی۔ اگر آپ آئی پاڈ استعمال کرتے ہیں تو آئی ٹیونز کے ذریعے کئی دوسری یونی ورسٹیوں کے مفت لیکچر ڈاؤن لوڈ کر کے کہیں بھی سن سکتے ہیں۔
مفت آن لائن تعلیم یا OpenCourseWare کے سلسلے میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی یا ایم آئی ٹی کو پیش رو کا درجہ حاصل ہے جس نے 2001ء میں سب سے پہلے مفت آن لائن کورس شروع کیے تھے۔ اس منصوبے کے تحت مفت لیکچرنوٹس ، امتحانی پرچے اور دوسرا تعلیم مواد ocw.mit.edu پر شائع کیا جاتا ہے۔اس ویب سائٹ پر نہ صرف لیکچروں کی ویڈیوز اور ڈیما نسٹریشنز موجود ہیں بلکہ یہاں آپ امتحانی پرچے،ہوم ورک اسائنمنٹس، حتیٰ کہ ان کے جوابات تک دیکھ سکتے ہیں۔
اس وقت OpenCourseWare گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح کے 18 سو سے زیادہ کورسوں سے متعلق مواد فراہم کر رہا ہے، جن میں فزکس اور الجبرا سے لے کر انتھروپالوجی، پولیٹیکل سائنس حتیٰ کہ غوطہ خوری تک کے کورس شامل ہیں۔
اس ویب سائٹ پر آنے والے وہ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جو ایم آئی ٹی کے باقاعدہ طالب علم انتہائی مہنگی فیس ادا کر کے سیکھتے ہیں۔ لیکن ایک فرق کے ساتھ، اور وہ یہ کہ اوپن کورس وئیر سے تعلیم پانے والے کسی ڈگری کے لیے کریڈٹ حاصل نہیں کر سکتے۔ اس کے علاوہ اس سائٹ میں اساتذہ سے رابطہ نہیں کیا جا سکتا۔
تاہم اس کے باوجود ایم آئی ٹی کاکہنا ہے کہ اس سائٹ پر لگ بھگ دنیا کے ہر ملک سے لوگ آتے ہیں اور اب تک اس سائٹ سے تین کروڑ سے زیادہ طالبِ علم استفادہ کر چکے ہیں، جن میں سے 60 فیصد امریکہ اور کینڈا سے باہر کے تھے۔
اس ویب سائٹ پر ہسپانوی ، پرتگیزی ، چینی اور تھائی زبانوں میں ترجمہ شدہ مواد کے لنکس بھی موجود ہیں۔
کچھ پروفیسرزآن لائن آنے کی وجہ سے دنیا بھر میں معروف ہو چکے ہیں خاص طور پر ایم آئی ٹی کے فزکس کے پروفیسر والٹر لیون بہت مقبول ہیں ان کے پرستار ان کے دلچسپ لیکچروں سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ایم آئی ٹی اوپن کورس وئیر میں اب ہائی اسکول کے لیے مواد بھی شامل ہوتے ہیں اس کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی، ریاضی اور انجینیرنگ کی تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔