 |
|
صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن (بائیں ) اور براک اوباما |
ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار سینیٹرز ہلیری کلنٹن اور براک اوباما اوہائیو اور جنوبی ریاست ٹیکسس میں اہم پرائمریز سے قبل منگل کی رات کلیولینڈ، اوہائیو میں بحث کریں گے۔
یہ مباحثہ انتخابی مہم پر بڑھتی ہوئی لفاظی کے دو ران ہو رہا ہے۔
پیر کے رو ز اوباما کی مہم نے ہلیری کلنٹن پر اوباما کا ایک فوٹو شائع کیے جانے کے بعدنامناسب حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس تصویر میں اوباما کینیا کے 2006ءکے دورے کے دوران روایتی افریقی لباس میں ملبوس تھے۔
جس ویب سائٹ نے وہ فوٹو شائع کیا اس نے کہا کہ انھیں وہ فوٹو کلنٹن کی مہم کے عملے نے دیا تھا۔
اوباما کی مہم کے منیجر نے کہاہےکہ ہلیری کلنٹن کی مہم نے اس فوٹو کی تشہیر کر کے ایک شرمناک کارروائی کی ہے۔ تاہم کلنٹن کے مواصلاتی چیف نے کہاہےکہ جہاں تک وہ جانتے ہیں، ہلیری کلنٹن کے ساتھیوں نے وہ تصویر شائع نہیں کی تھی۔
توقع ہے کہ منگل ہی کے روز سابق صدارتی امیدوار ڈیموکریٹک سینیٹر کرسٹوفر ڈاڈ اوباما کی توثیق کریں گے۔
اوباما اور کلنٹن کے درمیان ایک ہفتے کے اندر اندر ٹیکسس اور اوہائیو میں انتہائی اہم پرائمری مقابلے منعقد ہوں گے۔یہ مقابلے ان امیدواروں کی مہم کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
پیر کے روز جاری ہونے والے نئے سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوباماکو دونوں ریاستوں میں سبقت حاصل ہے۔سی این این کے اس جائزے میں اوباما کی ٹیکسس میں چار پوائنٹ کی برتری ظاہر ہوئی ہے۔ گذشتہ ہفتے اسی جائزے میں کلنٹن کی دو پوائنٹ کی برتری ظاہر ہوئی تھی۔