امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ تین صدارتی امیدواروں کی پاسپورٹ کی فائل کے غیر مناسب طورپر افشاء ہونے کے بارے میں مکمل تفتیش ہوگی۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان شان مک کارمک نے کہا ہے کہ محکمہ انصاف سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار سینیٹر براک اوباما نے کہا ہے کانگریس اس کی بھرپور چھان بین کرے گی۔
سینیٹر ہلیری کلنٹن کے دفتر نے کہا ہے کہ وہ حالات کا گہری نظر سے جائزہ لیں گی۔ ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار جان میکین نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں معذرت طلب کی جائے گی اور انہیں توقع ہے کہ اسے درست کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائس نے ان تینوں امیدواروں سے ٹیلی فون پر ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مک کارمک نے کہا ہے کہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے تین اہل کاروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی گئی ہے اور دو کوفائلیں غیر قانونی طور پر دیکھنے کی بنا پر برطرف کردیا گیا ہے۔
پاسپورٹ کی فائلوں میں نجی شناخت کے بارے میں معلومات موجود ہوتی ہیں اور ان سے یہ پتہ چل سکتا ہے کہ متعلقہ شخص نے کن کن ملکوں کا دورہ کیا ہے۔