 |
| امریکہ میں صدارتی مقابلے کے تین امیدوار |
امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار پھر سے انتخابی دوڑ پر رواں دواں ہیں۔ایک دِن پہلے، ہلیری کلنٹن نے مقابلے سے دستبردار ہونے کے مطالبے کو مسترد کر دیا، جب کہ اُن کے مدِ مقابل براک اوباما نے صدارتی امیدوار کے طور پر ایک اور اہم توثیق حاصل کر لی ہے۔
سنیٹرہلیری کلنٹن آج ہفتے کو ملک کی دو مرکزی ریاستوں ، انڈیانا اور کینٹکی میں انتخابی مہم پر ہیں جہاں وہ معیشت پر بات کر رہی ہیں۔
جمعہ کے روز، معروف سنیٹر پیٹرک لِیہی نے مشورہ دیا کہ پارٹی کے مفاد کی خاطر ہلیری کلنٹن انتخابی دوڑ سے نکل جائیں، اور یوں وہ ڈیموکریٹس کو موقع دیں کہ وہ اوباما کو اپنی پارٹی کی طرف سے امیدوار نامزد کرلیں۔
ہلیری کلنٹن نے فوری طور پر اِس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کہ آنے والے مقابلوں میں جیتنے والے کا فیصلہ ووٹرز کریں۔
دریں اثنا، سنیٹر اوباما نے آج ہفتے کو ریاست پینیسلوانیا کا چھ۔روزہ دورہ جاری رکھا، اس ریاست میں ڈیلیگٹس کی خاصی تعداد ہے۔
جمعہ کے دِن، اِلی نوائے کے سنیٹر نے پینیسلوانیہ کے اہم سنیٹر باب کیسی کی طرف سے اپنے لیےصدارتی امیدوار کے طور پر توثیق حاصل کر لی ۔
نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیرمین، ہووارڈ ڈِین نے اوباما اور کلنٹن کی انتخابی مہم چلانے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذاتیات پر حملے کرنا چھوڑ دیں، ورنہ وائٹ ہاؤس تک رسائی کے موقعے کو بھول جائیں۔
دریں اثنا، ری پبلیکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار جان مِکین نےاِس ہفتے کے اواخر میں کوئی بھی انتخابی مصروفیت نہیں رکھی۔ اب وہ فیصلہ کن معرکے کے منتظر ہیں۔
جمعہ کے روز، اِریزونا کے سنیٹر نے نومبر کے انتخاب کے لیے اپنا پہلا ٹیلی ویژن اشتہار جاری کیا ہے۔