 |
| سان فرانسسکو میں چین مخالف مظاہرے |
سان فرانسسکو میں عہدے دار بدھ کے روز ایک ایسے موقع پر ایک چین مخالف مظاہرے سے نمٹ رہے ہیں جب کہ یہ مغربی امریکی شہر اولمپک مشعل کی عالمی دوڑ کےآخری مرحلے کی میزبانی کررہا ہے۔
سان فرانسسکو کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ ہزاروں مظاہرین پر مشتمل مظاہروں کے پیش نظر سینکڑوں پولیس اہل کار مشعل دوڑ کے دس کلو میٹر کے راستے پر گشت پر متعین ہوں گے۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ وہ سیکیورٹی کی وجوہ کی بنا پر آخر منٹ پر دوڑ کا راستہ تبدیل کردیں۔
امریکی عہدے داروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ حالیہ دنوں میں پیرس اور لندن میں ہونے والے افراتفری کے ان مناظر کے اعادے سے بچ سکیں گے جن میں چین مخالف سرگرم کارکنوں نے اولمپک مشعل کی دوڑ میں رخنہ اندازی کی تھی۔
اولمپک کی مشعل منگل کی صبح سان فرانسسکو پہنچی اور اسے بدھ کے روز دوڑ کے آغاز تک ایک خفیہ مقام پر رکھا گیا ۔ ایک مشعل بردار جسے پروگرام کے مطابق مشعل کو تھامنا تھا، دوڑ سے الگ ہوگیاہے۔
تبت نواز سرگرم کارکنوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ اپنے حامیوں کی اس بارے میں حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے مشعل دوڑ میں رخنہ ڈالے بغیر احتجاج کریں۔
سان فرانسسکو امریکہ میں چینی امریکی کمیونٹیز کا ایک سب سے بڑا مرکز ہے۔
شہر کے کچھ مقامی چینی امریکی باشندے کہتے ہیں کہ انہیں فخر ہے کہ بیجنگ 2008ء کے اولمپکس کی میزبانی کرے گا اور وہ مشعل دوڑ کے خلاف مظاہروں کے مخالف ہیں۔