امریکی معیشت میں مارچ میں افراطِ زر میں معمولی اضافہ ہوا جب کہ کچھ دوسرے علاقوں میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔
بدھ کے روز لیبر ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔ افراطِ زر میں مارچ میں ختم ہونے والے 12 ماہ کے عرصے میں چار فیصد اضافہ ہوا۔
خواراک اور توانائی کی قیمتوں میں عدم استحکام کے علاوہ پچھلے سال افراط زر میں دو اعشاریہ چار فی صد اضافہ ہوا۔
کچھ ماہرین اقتصادی کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت میں کساد بازاری کے بارے میں بڑھتی ہوئی تشویش میں افراطِ زر کے متعلق خدشات اس وقت صورت حال کو مزید پریشان کن بنا دیں گے جب اس ماہ کے آخر میں امریکی مرکزی بینک کے عہدے دار سود کی شرحوں پرغور و خوض کریں گے۔
بدھ کے روز ایک اور سرکاری رپورٹ سے ظاہر ہوا کہ مارچ میں امریکی ہاؤسنگ سیکٹر کی صورت حال میں مزید بگاڑ پیدا ہوا ہے۔
نئے مکانات کی تعمیر میں لگ بھگ 12 فی صد کمی ہوئی جب کہ مستقبل کے پراجیکٹس کے لیے اجازت ناموں کی درخواستوں میں چھ فی تک کمی دیکھنے میں آئی۔