 |
| پینسیلوینیا میں فتح کے بعد ہلیری کلنٹن کا اظیارِ مسرت |
ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ پنسیلوینیا میں ان کی فتح نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ریپبلکن امیدوار جان میکین کو نومبر میں ہونے والے صدارتی مقابلے میں شکست دے سکتی ہیں۔
ہلیری کلنٹن نے آج بدھ کو ایک ٹیل ویژن انٹرویو میں کہا کہ منگل کے روز ہونے والے پرائمری انتخابات کے دوران کیے جانے والے سروے نے یہ دکھا دیا کہ وہ وائٹ ہاؤس تک پہچنے کے لیے اپنے انتخابی حلقے کو وسعت دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
کل منگل کے دن ہونے والے پرائمری انتخاب میں نیویارک کی سینیٹر اور سابق خاتونِ اوّل کو سفید امریکیوں کے علاوہ ملازم پیشہ افراد اور بوڑھوں کی اکثریت نے ووٹ دیا۔ دوسری طرف ان کے حریف سینیٹر اوباما کو سیاہ فام امریکیوں اور نئے رجسٹر شدہ ڈیموکریٹس نے ووٹ دیے۔
ہلیری کلنٹن نے پنسیلوینیا کے پرائمری انتخاب میں اوباما سے دس فی صد زیادہ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پینسیلوینیا میں شکست کھانے کے باوجود پارٹی کی جانب سے نامزدگی کے سلسلے میں ابھی تک اوباما کے حق میں پارٹی ڈیلی گیٹس کی تعداد زیادہ ہے۔
ڈیموریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کے اگلے مقابلے انڈیانا اور نارتھ کیرولائینا میں 6 مئی کو ہوں گے۔
ابھی تک ڈیمو کریٹک پارٹی کے دونوں صدارتی امیدواروں کو اپنی نامزدگی کے لیے ڈیل گیٹس کی مطلوبہ تعداد حاصل نہیں ہو سکی ہے، جبکہ اب صرف نو مقابلے باقی رہ گئے ہیں۔ پارٹی کے اندرونی حلقوں کا خیال ہے کہ اتنے طویل عرصے تک جاری رہنے والے مقابلے پارٹی کے مفاد میں نہیں ہیں اور ان کی طوالت نومبر میں ہونے والے عام صدارتی انتخابات پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے اور مدِّ مقابل ری پبلکن امیدوار کو شکست دینا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔