 |
|
چاول |
جمعرات کو تھائی لینڈ میں فی ٹن چاول کی قیمت ایک ہزار ڈالر سے زیادہ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ جانے سے خوراک کی قلت اور دنیا بھر میں کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں میں اضافے کے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔
جنوری سے اب تک چاولوں کی قیمت تین گنا ہوچکی ہے اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث دنیا کے مختلف حصوں میں پہلے ہی مظاہرے اور بلوے ہورہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ اس بات پر تشویش کا اظہار کرچکی ہے اورتوقع کی جارہی ہے کہ اگلے ہفتے بنکاک میں ہونےوالے اقوامِ متحدہ کے اجلاس کی توجہ چاول اور بالعموم خوراک کی دیگراشیاکی قیمتوں میں ضافے پر مرکوز رہے گی۔
تھائی لینڈ کی رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اس وقت چاول کے عالمی ذخیروں کو تین کروڑ ٹن کمی کا سامنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور بھارت اور دوسرے ممالک کی طلب میں اضافہ، خراب موسمی حالات اور زرعی زمین میں کمی نے اس قلت کو جنم دیا ہے۔