![The technique is harsh, even when simulated. Some say it is torture, others [say it is] necessary in the war on terror. It is called waterboarding and it feels like drowning.<br />](/urdu/images/waterboarding_tv_31jan08_21.jpg) |
|
واٹر بورڈنگ یا مصنوعی غرقابی |
امریکی محکمہ انصاف نے کانگریس کو خط بھیجے ہیں ان میں مشتبہ دہشت گردوں سے تفتیش کے لیے متنازعہ طریقوں کے استعمال کا دفاع کیا گیا ہے۔
ان خطوط میں محکمہ انصاف کے وکلاء نے یہ دلیل دی ہے کہ حکومت کو اس کا ضرور خیال رکھنا چاہیے کہ مشتبہ افراد کے پاس کس طرح کی معلومات موجود ہیں اور کیا ان معلومات کو دہشت گرد حملے روکنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے؟ سرکاری وکلاء نے کہا ہے کہ یہ چیز تفتیش کاروں کو پوچھ گچھ کے ان طریقوں کے استعمال کی اجازت دے سکتی ہے جن کی بین الاقوامی قانون کے تحت ممانعت ہے۔
جنیوا کنونشن پوچھ گچھ کے کسی بھی ایسے طریقے کی ممانعت کرتا ہے جس کی بنیاد عزت نفس کی پامالی پر ہو۔
محکمہ انصاف کے ایک عہدے دار ڈپٹی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائن بنکز کوسکی نے لکھا ہے کہ دہشت گردی کو روکنے کے لیے سخت گیر طریقوں کا استعمال قانونی ہے کیونکہ ان کا مقصد مشتبہ فرد کی بے حرمتی یا تذلیل نہیں ہوتا۔
یہ خطوط شمال مغربی ریاست اوریگان سے تعلق رکھنے والے ا حزب مخالف کے ڈیموکریٹک سینیٹر رون وایڈن نے جاری کیے ہیں، جو سینٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے ایک رکن ہیں۔
امریکی صدر جارج بش نے پچھلے مہینے اس مسودہء قانون کو ویٹو کردیا تھا جس میں واٹر بورڈنگ یا مصنوعی غرقابی سمیت تفتیش کے متنازعہ طریقوں کو خلاف قانون قرار دیا گیاتھا۔
صدر بش نے کہا تھا کہ اس بل کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال ہونے والے ایک اہم ہتھیار سے محروم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ، خصوصی طریقہ تفتیش ،سے امریکہ پر اور بیرون ملک امریکی افواج پر حملوں کے منصوبوں کوناکام بنانے میں مدد ملی ہے۔