 |
|
سیاست اور انتخابات میں امریکی نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی |
امریکی صدارتی انتخاب میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے
ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں نوجوانوں کی تعداد تقریباً سات کروڑ ہے۔ یہ وہ افراد ہیں جو یا تو تعلیم حاصل کررہے ہیں یا پھر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے عملی زندگی میں اپنے لیے ایک مناسب جگہ بنانے کے عمل سے گذرہے ہیں۔ ماضی میں امریکی نوجوانوں کی سیاست سے دلچسپی کم ہی رہی ہے اور انتخابات میں انہوں نے بہت کم ووٹ ڈالے ہیں لیکن اب ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار نوجوانوں میں اس حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے اور نومبر کے انتخابات میں وہ ایک بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے باہر آئیں گے۔
سیاست اور انتخابات میں امریکی نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پر ماہرین کہتے ہیں کہ ایسا اوباما کی جانب سے خود کو ایک صدارتی امیدوار کے طور پر پیش کرنے کی وجہ سے ہورہا ہے۔ ایک تو براک اوباما نسبتاً خود بھی جوان ہیں اور دوسرا اپنی تقاریر اور اپنے منشور میں وہ جن نکات کا بار بار ذکر کررہے ہیں ، وہ نوجوانوں کے لیے بہت کشش رکھتے ہیں۔ ان میں تعلیمی سہولتیں، صحت کی سہولتیں، روزگار کے مواقع اور عراق جنگ کا خاتمہ شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نوجوانوں میں پایا جانے والا جوش وخروش نومبر تک قائم رہا تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ صدارتی انتخابات میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد ووٹ ڈالے گی اور اس کا فائدہ یقیناً براک اوباما کو پہنچے گا جو نوجوانوں کو مخاطب کر کے باربار یہ کہہ رہے ہیں کہ ایک ووٹ بھی بہت اہمیت رکھتا ہے اور وہ ایک ووٹ منظرکو بدل سکتا ہے۔