جنوبی کوریا کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں بطخوں اور مرغیوں کی بڑے پیمانے پر تلفی کے باوجود برڈ فلو دارلحکومت سیول تک پہنچ گیا ہے۔
منگل کے روز وزارتِ زراعت نے کہا کہ برڈ فلو کے پھوٹنے کا پتہ سیول کے ایک ضلعی سرکاری فارم میں چلا ہے جہاں پر بیسیوں مرغیاں ، بطخیں اور ٹرکی پالے جارہے تھے۔وزارت نے کہا ہے کہ اس مقام پر تمام پرندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
شمالی کوریا کے عہدے داروں نے برڈ فلو کے خدشے کے پیش نظر دوہفتے قبل جنوبی کوریا سے کہا تھا کہ وہ اس پولٹری کو شمالی کوریا کے اندر قائم مشترکہ صنعتی زون تک نہ لائیں۔
سیول کی یونیفیکشن منسٹری نے کہا ہے کہ کائی سانگ صنعتی زو ن میں پولٹری ، مرغیوں کے گوشت اور انڈوں پر پابندی عائد ہے۔
جنوبی کوریا کے کم از کم 25 فارموں میں ایچ فائیو این ون برڈ فلو کا مہلک وائرس پھیل چکا ہے۔
جنوبی کوریا کی زراعت کی وزارت نے کہا ہے گذشتہ ماہ کے شروع میں جب سے برڈ فلو پھوٹا ہے، 50 لاکھ سے زیادہ مرغیوں اور بطخوں کو پہلے ہی تلف کیا جاچکاہے۔
جنوبی کوریا نے اب تک اس بیماری سے کسی انسانی ہلاکت کی خبر نہیں دی ہے۔