دولتِ مشترکہ میں پاکستان کی رکنیت بحال ہونے کا خیر مقدم کرتے ہیں: دفترِ خارجہ کا بیان
حسن سید اسلام آباد May 12, 2008
پاکستانی دفترِ خارجہ
دفترِ خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان نے دولتِ مشترکہ میں اپنی رکنیت کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اِس تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
دولتِ مشترکہ نے گذشتہ سال تنظیم سے پاکستان کی رکنیت اُسی وقت معطل کردی تھی جب صدر مشرف نے تین نومبر کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے آئین کو معطل کر دیا تھا۔
گذشتہ ماہ تنظیم کی جانب سے اِس بات کا عندیہ دیا گیا تھا کہ اب جب کہ پاکستان میں ایک منتخب حکومت اقتدار میں آچکی ہے اور صدر مشرف بھی فوج کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ چکے ہیں تو پاکستان کو تنظیم میں دوبارہ شامل کیا جا سکتا ہے۔
پیر کے روز لندن میں دولتِ مشترکہ کے ورکنگ ایکشن گروپ نے ایک نیوز کانفرنس میں پاکستان کی رکنیت بحال کرنے کا اعلان کیا۔