 |
| سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاٴس کے سامنے احتجاجی ریلی سے خطاب کر رہے ہیں۔ |
گذشتہ برس 12مئی کو کراچی میں ہونے والے واقعات کے خلاف ملک بھر میں وکلا نے احتجاج کیا، عدالتوں کا بائیکاٹ ہوا اور جلوس نکالے گئے۔
عدلیہ کی بحالی آج یعنی 12مئی کو نہ ہونے کے خلاف اِس احتجاج میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں نے بھی احتجاج کیا، جلسے کیے اور جلوس نکالے۔
گذشتہ 12مئی کو معزول چیف جسٹس کے کراچی کے دورے کو روکنے کے لیے شہر کو بند کیا گیا تھا اور پُر تشدد کارروائیوں میں 50سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
آج کے جلوس میں شریک وکلا صدر پرویز مشرف اور سانحہٴ 12مئی کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
کراچی بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعیم قریشی نے مطالبہ کیا کہ واقع کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور 12 مئی کی ہماری عدلیہ کو بحال کیا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر رشید رضوی نے وکلا کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:’ ایک سال قبل شہر کو یرغمال بنایا گیا، خون کی ہولی کھیلی گئی، سڑکوں پر موت ناچ رہی تھی، اوریہ کہ، آج بھی صورتِ حال مختلف نہیں۔‘