 |
|
سوڈان کی سیکیوریٹی فورسز |
انسانی حقوق کی تنظم ہیومن رائٹس واچ نے سوڈان کے دارلحکومت خرطوم اور اس کے جڑواں شہر اومدرمان میں دارفر کے باغیوں پر حملے کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سوڈان کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ عہدے داروں نے ہفتے کے حملے کے سلسلے میں کم ازکم 300 مشتبہ باغیوں یا ان کے حا میوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے افریقہ کے ڈائریکٹر جارج گیگنن نے کہا ہے کہ ادارے ایسی غیر مصدقہ خبریں ملی ہیں کہ گرفتار کیے جانے والوں میں سے کچھ کو اذیت رسانی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور کم ازکم دو افراد کو سرعام پھانسی دی گئی ہے۔
ادارے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ گرفتار شدگان کی جلد رہائی کو یقینی بنائے یا ان کے خلاف قانونی کارروائی منصفانہ انداز میں کی جائے۔
اسی دوران سوڈانی حکومت نے باغی گروپ کے لیڈ ر خلیل ابراہیم کی گرفتاری کے لیے انعام کی رقم دگنی کردی ہے جس نے ہفتے کے روز ہونے والا حملہ کیا تھا۔
ایک الگ واقعے میں منگل کے روز سرکاری میڈیا نے کہا کہ حکومت نے چاڈ کے سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔