پ
 |
| پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداری |
اکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری لندن مذاکرات کے بعد پاکستان پہنچ چکے ہیں جہاں اُنہوں نے بدھ کے روز دارالحکومت میں اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت کی اور مسلم لیگ ن کے حکومت سے الگ ہونے کی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔
آصف علی زرداری بدھ کی شب ایک اخباری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جِس میں بعض اہم اعلانات متوقع ہیں۔
اُدھر، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی جماعت کو معزول عدلیہ کی بحالی کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی سے وہ تعاون نہیں ملا جِس کی توقع تھی، جِس کے باعث اُسے اقتدار سے الگ ہونا پڑا۔
اُن کے الفاظ میں: ’ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کا پہیہ جام نہ ہو، اور اگر اگلے مراحل آئے جب ضرورت محسوس کی گئی کہ یکطرفہ اقدامات موجودہ حکومت کے بڑھتے گئے، تو پھر ہم حزبِ اختلاف کی سیٹوں پر بیٹھنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔‘
مخدوم جاوید ہاشمی کے بقول، اُن کی جماعت کے لیے اقتدار سے زیادہ اصول اہم ہیں، اور اُن کی خاطر وہ پنجاب میں بھی اپنی حکومت کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔‘
اُدھر انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے اتحاد، آل پاکستان ڈیموکریٹک الائنس نے اپنے اجلاس کے بعد اعلان کیا ہے کہ معزول عدلیہ کی دو نومبر 2007ء کی پوزیشن پر بحالی کے لیے اُس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ تاہم، اے پی ڈی ایم کے تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک قومی کانفرنس میں مدعو کرکے اُن سے مشاورت کے ساتھ اپنے مستقبل کے لائحہٴ عمل کو طے کرے گی۔