چین کے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے
May 14, 2008
ہیلی کاپٹروں سے پھینکا جانے والے امدادی سامان کو متاثرین سمیٹ رہے ہیں
چینی فوج سی چوان صوبے کے دور افتادہ دیہات میں ہیلی کاپٹروں سے خوراک کا سامان پھینک رہی ہے تاہم ان ہزاروں افراد کی جانیں بچانے کے لئے وقت بہت کم رہ گیا ہے جو منہدم سکولوں ، گھروں اور دوسری عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔
چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بدھ کے روز ہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔اب جبکہ امدادی کارکن ان علاقوں میں پہنچ کر کھدائی شروع کر رہے ہیں جہاں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، عہدیداروں کو اندیشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوجائیگا، اگرچہ کچھ لوگوں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مزید 40ہزار افراد یا تو ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا لا پتہ ہیں۔چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زِن ہُوا کا کہنا ہے کہ سات فوجی ہیلی کاپٹروں نے وین چوان کاؤنٹی اور متعدد ملحقہ کاؤنٹیوں میں امدادی سامان پہنچایا ہے۔