 |
|
صدر سٹی میں سیکیورٹی فورسز |
عراقی طبی عہدے داروں نے کہا ہے کہ بغداد کے صدر سٹی میں سیکیورٹی فورسز اور شیعہ ملیشیاؤں کے درمیان رات بھر کی ایک لڑائی میں پانچ افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے ۔
تاہم امریکی فوج کے کہا ہے کہ صدر سٹی میں بظاہر نسبتاً سکون رہا۔
ایک امریکی ترجمان، لیفٹیننٹ کرنل سٹوین سٹووَر نے کہا ہے کہ انہیں رات بھر کے جس واحد واقعہ کا علم ہے وہ امریکہ کا فضائی حملہ تھا جس میں کم ازکم دو ایسے افراد ہلاک ہوئے جن پر سڑک کنارے ایک بم نصب کرنے کا شبہ تھا۔
تشدد کا یہ واقعہ سخت گیر شیعہ عالم مقتدیٰ الصدرکے وفادار جنگجوؤں اور امریکی حمایت یافتہ فوجیوں کے درمیان ایک نئی فائربندی کے کئی روز بعد ہوا ہے۔
مقتدیٰ کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ فائر بندی پر عمل درآمد میں کچھ وقت لگے گا۔ ان کا کہنا ہےکہ یہ خلاف ورزیاں فائر بندی کے ابتدائی چند روز میں متوقع ہوتی ہیں کیونکہ لوگوں تک خبر پہنچنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔