زمبابوے کے ریاستی میڈیا نے کہا ہے کہ منگل کے روز پولیس کےساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بعد امریکی سفیر جیمز میکگی کو حاصل سفارتی مراعات ختم کردینی چاہیں۔
میکگی اور سفارت کاروں کے قافلے کو دارلحکومت حرارے کے باہر پولیس نے دو بار اس وقت روکا جب انہوں نے ان ہسپتالوں کا دورہ کیا جن میں انتخابات کے حالیہ تشدد کا نشانہ بننے والوں کا علاج ہورہاہے۔
میکگی نے بعد میں وائس آف امریکہ کو بتایا کہ زیادہ تر تشدد حزب اختلاف کے خلاف حکمران جماعت کے سرگرم کارکنوں کی کارروائی دکھائی دیتا ہے۔
سرکاری اخبار ہیرالڈ میں جمعرات کو شائع ہونے والے ایک اداریے میں امریکی سفیر میکگی پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ امریکی خارجہ پالیسی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک سیاسی سرگرم کارکن کے طور پر کام کررہے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ نے زمبابو ے کی حکومت سے زمبابوے کی پولیس کی جانب سے بقول ان کے انہیں حراساں کرنے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ امریکی سفیر اور دوسرے سفارت کار وں سے ہسپتال اور ایذارسانی کے ایک مبینہ کیمپ کے دورے کے بعد پولیس نے طویل پوچھ گچھ کی تھی۔