 |
زمبابوے کے صدر موگابے ہرارے کے ہوائی اڈّے پر اپنے حامیوں سے خطاب کر رہے ہیں
|
زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے نے کہا ہے کہ اگر حزب اختلاف
زمبابوے کے سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو انہیں مجھے صدر تسلیم کرنا پڑے گا۔
صدر موگابے جمعے کے روز ہرارے ائرپورٹ پر افریقی راہنماؤں
کے سربراہ اجلاس سے واپسی کے بعد گفتگو کررہے تھے ۔ سربراہ اجلاس میں صدر موگابے
کے پچھلے ہفتے ہونے والے دوسرے مرحلے کے متنازعہ صدراتی انتخاب کے بعد زمبابوے سے
ایک قومی اتحادی حکومت کی تشکیل کے لیے کہا گیا تھا۔
صدر موگابے نے جمعے کے روز کہا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار
ہیں مگر حزب اختلاف کی جماعت موومنٹ فار ڈیموکریٹک چینج کو انہیں لازمی طورپر صدر
تسلیم کرنا ہوگا۔
ایئر پورٹ پر ہزاروں حامیوں نے صدر موگابے کا خیرمقدم کیا۔
حزب اختلاف کے راہنما مارگن چنگیرائی نے یہ کہتے ہوئے خود
کو 27 جون کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے صدراتی انتخاب سے الگ کرلیا تھا کہ ان کے
حامیوں پر منظم طریقے سے تشدد کیا جارہا ہے۔انہوں نے وائس آف امریکہ کو ایک
انٹرویو میں کہا کہ وہ اس وقت تک حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے جب تک ان کے حامیوں
کے خلاف تشدد روک نہیں دیا جاتا۔