کراچی
کے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں واقع ایک کچّی آبادی میں تین منزلہ عمارت ہفتہ اور
اتوار کی شب کو اچانک زمین بوس ہوگئے اور اس کے ملبے تلے آنے والے دس افراد ہلاک
اور ایک درجن سے بھی زیادہ لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔
تین منزلہ عمارت میں پانچ خاندان رہائش پذیر تھے۔ عمارت کے
مالک کے بیٹے نے بتایا کہ اچانک رات کو سوتے ہوئے اسے خوفناک آوازیں سنائی دیں اور
وہ گھبرا کا باہر نکلا تو یہ عمارت منہدم ہو رہی تھی۔
عمارت گرنے کی اطلاع ملنے پر امدادی کارروائی فوراً شروع
ہوگئی اور علاقے کے لوگوں نے ملبے تلے لوگوں کو نکالنا شروع کر دیا، بعد میں
سرکاری اہل کار پہنچ گئے اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور لوگوں کو
نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا۔
علاقے کے رہائشیوں نے بتایا کہ کچّی آبادی میں بلڈنگ کنٹرول
اتھارٹی کے ضابطوں پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا، محکمے کے اہل کار ان علاقوں میں
آنے سے کتراتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چند ماہ پیشتر اسی علاقے
میں ایک عمارت گری تھی، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔