شمالی کوریا کے جوہری پروگرام
پر مذاکرات گذشتہ سال کے آخر سے معطل رہنے کے بعد اس ہفتے بیجنگ میں دوبارہ شروع
ہوں گے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ایک
ترجمان شن گانگ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مذاکرات جمعرات کو شروع ہوں
گے اور تین دن تک جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیش رفت ہونے
کی صورت میں مذاکرات کے دورانیے میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرکا کو
امید ہے کہ اگر ممکن ہواتو مذاکرات کو ان کے اگلے مرحلےتک لے جایا جائے گا۔
توقع ہے کہ یہ مذاکرات شمالی
کوریا کی جانب سے اس کے جوہری پروگرام کے حالیہ اعلان کی تصدیق کے کام پر مرکوز ہوں گے۔
گذشتہ ماہ شمالی کوریا نے اپنے
جوہری پروگرام کی تفصیلات پر مبنی دستاویزات جاری کی تھیں اور اپنی اہم ترین جوہری
تنصیب کے کولنگ ٹاور کو گرا دیا تھا۔
ان اقدامات کی وجہ سے مذاکرات
کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد ملی جو پچھلے سال دسمبر سے اس اعلان کے انتظار کے
باعث تعطل کا شکار چلے آرہے تھے تاہم ابھی تک بہت سے تنازعے باقی ہیں۔
گذشتہ ہفتے شمالی کوریا نے
خبردار کیا تھا کہ جب تک دوسرے فریق یعنی
چین، جنوبی کوریا ، جاپان ، روس اور امریکہ اسے توانائی اور مالی امداد کی
فراہمی کے اپنے وعدے پورے نہیں کرتے وہ مزید مذاکرات میں حصہ نہیں لے گا۔