چین نے آئندہ ہونے والے بیجنگ
اولمپکس کے لیے میڈیا کے نئے مراکز کا اعلان کردیا ہے اور اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ
کھیلوں کے دوران میڈیا کو بلاروک ٹوک رسائی کے وعدوں کا احترام کرے گا۔
مرکزی پریس سینٹر اور انٹرنیشنل
براڈ کاسٹ سنٹر منگل کے روز چینی دارالحکومت بیجنگ میں کھولے گئے۔ بیجنگ گیمز اور
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ نئے مراکز کھلنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ چین اولمپکس کی
رپورٹنگ کے لیے متوقع 25 ہزار غیر ملکی نامہ نگاروں کو سہولیات کی فراہمی کے عہد
پر قائم ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن
رائٹس واچ نے پیر کے روز ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ
اولمپکس کی تیاریوں سے متعلق خبروں کی رپورٹنگ کے لیے غیر ملکی نامہ نگاروں کو سخت
مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں دستاویزی ثبوت پیش
کیے گئے ہیں کہ غیر ملکی صحافیوں اور چینی ذرائعِ ابلاغ کو کس طرح ہراساں کیا
جارہا ہےیا ان خبروں کی رپورٹنگ سے روکا جارہا ہے جن کے باعث عہدے داروں کو
خفت کا سامنا ہوسکتاہے۔
ایک جرمن براڈ کاسٹر نے بتایا
کہ سیکیورٹی گارڈز دیوارِ چین سے ایک لائیو نشریے کو روکنے کے لیے اس کے ٹیلی وژن
کیمرے کے سامنے آگئے۔
اسی اثنا میں لندن میں قائم
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بیجنگ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ
وہ انسانی حقوق کے بارے میں خدشات سے نمٹنے کا
وعدہ پوراکرنے کے لیے اقدامات کرے۔