سنگاپور کے وزیرِ خارجہ جارج
ییو نے کہا ہے کہ برما نے اُس چارٹر کی
منظوری دے دی ہے جس کے تحت جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کےہر ملک سےجمہوریت
اور انسانی حقوق کے عہد کے لیے کہا گیا ہے۔
جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی
تنظیم آسیان کے اگلے ہفتے سنگاپور میں ہونے والے اجلاس سے قبل نامہ نگاروں سے
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ فوجی حکمرانی کے اس ملک نے حال میں اس
چارٹر کی منظوری دی ہے اور وہ اپنے فیصلے کا جلد اعلان کریں گے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے کہا
کہ جب اس دس رکنی تنظیم کے نمائندوں کا اجلاس ہوگا تو یہ چارٹر ایجنڈے کا سب سے
اہم نکتہ ہوگا۔
آسیان کے ارکان پچھلے سال کے
آخر میں اس چارٹر کی تیاری پر متفق ہوئے تھے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ انڈونیشیا،
تھائی لینڈ اور فلپائن اب صرف وہ ممالک باقی بچے ہیں جنہوں نےاس دستاویز کی منظوری دینی ہے۔
آسیان کے چارٹر میں نہ صرف
انسانی حقوق کے ادارے کی تشکیل کے لیے کہا
گیا ہے بلکہ اس کا مقصد 2015ءتک اس خطے کو ایک آزاد تجارتی علاقے میں تبدیل
کرنا بھی ہے۔