سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا ہے کہ وہ ڈیموکریٹ پارٹی
کے صدارتی امیدوار براک اوباما کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔ اوباما نے بل کی کلنٹن
کی اہلیہ ہلیری کلنٹن کو ڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے نامزدگی کی دوڑ میں شکست دی تھی۔
بل کلنٹن نے جمعرات کے روز کہا کہ کئی ہفتے قبل ان کی اوباما سے فون پر گفتگو
ہوئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی اوباما چاہیں، وہ ان کی حمایت کے لیے مہم میں
شرکت کر سکتے ہیں۔
دونوں کے درمیان تعلقات اس وقت کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے
جب ہلیری کلنٹن اور اوباما کی صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں کلنٹن نے اپنی اہلیہ کی
حمایت میں اوباما پر تنقید کی تھی۔
ایک اور خبر کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جان
میک کین کے قریبی ساتھیوں نے اوباما کے
یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے متوقع دورے پر نکتہ چینی کی ہے۔ انھوں نے الزام لگایا ہے کہ اوباما اس دورے سے سمندر پار انتخابی مہم
چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اوباما کے ساتھیوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میک کین کی
انتخابی مہم اوباما کے دورے کے بارے میں
فکر کرنا چھوڑ دے۔
جمعرات
ہی کے روز اوباما کی مہم نے کہا کہ انھوں نے گذشتہ ماہ پانچ کروڑ 20 لاکھ ڈالر
اکٹھے کیے ہیں، جو میک کین کی اسی دوران جمع کردہ رقم سے دوگنا ہیں۔اوباما اور
ڈیموکریٹ پارٹی کے پاس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے اب تک سات کروڑ 20لاکھ
ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔