امریکی وزیرِ خارجہ کانڈولیزارائس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا
کے جوہری پروگرام پر چھ ملکی مذاکراتی فریقوں کو پیش رفت میں تیزرفتاری کی اہمیت کا احساس ہے۔ انہوں نے یہ بات شمالی کوریاکو جوہری طور پر غیر مسلح کرنے سے متعلق سنگا پور
میں بدھ کے روز ہونے والے مذاکرات میں
شریک پانچ دوسرے ملکوں کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اجلاس کےبعد کہی۔
یہ اجلاس جنوبی مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم کے اجلاس کے
موقع پر الگ سے منعقد ہوا جس میں کانڈولیزرارائس اور شمالی کوریا کے ان کے ہم منصب
پاک یوئی چن کے درمیان براہ راست مذاکرات شامل تھے۔
وزیر خارجہ رائس نے اسے ایک اچھی ملاقات قرار دیا جس میں
عہدے داروں نے کسی لمبے وقفے کی بجائے جلد
پیش رفت کا عہد کیا۔
جاپان، چین، جنوبی کوریا اور روس کے ان وزرائے خارجہ سے
توقع تھی کہ ان کی توجہ شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کے اعلان کی تصدیق کےمسودے
کی تیاری پر مرکوز رہے گی۔اعلان پر مبنی دستاویزات شمالی کوریا نے پچھلے ماہ پیش
کی تھیں۔