صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ہنگو میں فوج کی طرف سے مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف کاروائی بند کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد شہر میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں اور کشیدہ حالات کے باعث علاقے سے نقل مکانی کرجانے والے سینکڑوں افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں۔
ضلع ناظم ہنگوحاجی خان افضل نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے اب شہر میں حالات بالکل پرامن ہیں ، بازار کھل چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن کے بند ہونے کے بعد جرگے متحرک ہوچکے ہیں اور ان کے بقول علاقے میں موجود پیچیدگیوں کا حل اب جرگے کے ذریعے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ قبائلی علاقوں کرم ، اورکزئی اور وزیرستان سے ملحقہ ضلع ہنگومیں طالبان جنگجوؤں کی پرتشدد کاروائیوں کے بعد حکومت نے چند روز قبل باقاعدہ سیکیورٹی آپریشن شروع کیاتھا۔حکام کے بقول اس کاروائی میں 15عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 60کے لگ بھگ کو گرفتار کیا ہے اوربدھ کو فوجی حکام کے بقول مطلوبہ اہداف حاصل کر لینے کے بعد آپریشن بند کردیاگیاہے۔