پاکستانی فضائیہ(PAF)کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایاہے کہ بوقت ضرورت اور حکومت پاکستان کی ہدایت پرF-16 طیاروں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسی صورت حال کے پیش نظر ان طیاروں کو جدید طرز پر لیس کرنا ضروری ہو گیا ہے تاکہ ان کو دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں مزید موثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔ خیال رہے کہ امریکی حکومت نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کی جانب پاکستان کو ملنے والی امداد میں سے دو کروڑ تیس لاکھ ڈالر پاکستان کے پاس پہلے سے موجود ایف سولہ طیاروں کو جدید طرز پر لیس کرنے پر خرچ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے وائٹ ہاو س کے ترجمان نے کہا کہ ایف سولہ طیارے اپ گریڈ ہونے کے بعد بالکل اسی طرح کام کر پائیں گے جیسے کہ نئے ایف سولہ طیارے مئوثر ہوتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے ایف سولہ طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کی مد میں امداد سے واضح اشارے ملتے ہیں کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ۔