 |
صدر رابرٹ موگابے
|
زمبابوے کے ایک
سرکاری اخبار کی خبر کے مطابق حکمران
جماعت نےکہا ہے کہ حزبِ اختلاف کے ساتھ جاری مفاہمتی مذاکرات میں صدر رابرٹ موگابے
کے دوبارہ متنازع انتخاب پر کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی۔
جمعے کے روزاخبار ہیرلڈ
کے شمارے میں حکمران جماعت زانو پی ایف کے نامعلوم ارکان کے حوالے سے بتایا
کہ انہوں نے کہا ہے کہ 27 جون کے انتخاب کا لازمی طور پر احترام کیا جانا چاہئیے۔ذرائع
نے کہا کہ زمبابوے کی حزبِ اختلاف کی جماعت موومنٹ فار ڈیموکریٹ چینج کے ساتھ
جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا میں اس وقت جاری
شراکت اقتدار کے مذاکرات میں یہ موضوع زیرِ بحث نہیں ہے۔
صدر موگابے حزبِ اختلاف کے راہنما مارگن چنگیرائی کے دوسرے
مرحلے کے انتخاب سے الگ ہوجانے کے بعد واحد امیدوار کے طورپر دوبارہ منتخب ہوگئے
تھے۔ چنگیرائی کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی میں ان کے حامیوں کو تشدد کا نشانہ
بنایا جارہا ہے۔
حکمران جماعت اور حزبِ اختلاف کی موومنٹ فار ڈیموکریٹک چینج
کے درمیان دوہفتوں پر مشتمل مفاہمتی مذاکرات جمعرات سے جنوبی افریقہ کے شہر
پریٹوریا میں جاری ہیں۔
دونوں فریق ان مقاصد اور ترجیحات پر کام کررہے ہیں جن کا
تعلق نئی حکومت، نئے آئین اور تبدیلیوں پر
عمل درآمد کے منصوبے سے ہے۔
صدر موگابے اور حزبِ اختلاف کے راہنما مارگن چنگیرائی اس
ہفتے کے شروع میں مفاہمتی مذاکرات پر متفق ہوئے تھے۔