امریکہ کی مسٹی مے ٹرینور اور کیری والش نے بیجنگ اولمپکس میں بارش کے دوران بیچ والی بال مقابلے میں اپنے گولڈ میڈل کا کامیابی کے ساتھ دفاع کرتے ہوئے چین کو شکست دے دی۔
ہالینڈ کے پیراک مارٹن وین ڈر ویجی دن مردوں کا دس کلومیٹر پیراکی کا میراتھن جیتنے والے پہلے فاتح بن گئے۔ انہوں نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 51 منٹ اور 51 اعشاریہ 6 سیکنڈ میں جیتا۔
روس کے اولگا کانسکینا نے 20 کلومیٹر کی ریس واک ایک گھنٹہ 26 منٹ اور 31 سیکنڈ میں جیتی۔
برطانوی کشتی رانوں، ایان پری اور اینڈریو سمپسن نے مردوں کے اسٹار کلاس میں طلائی تمغہ جیتا۔جب کہ ہسپانوی ڈز فرنانڈو ایچاواری اور ایٹن پیز نے ٹورنیڈو کیٹا مران کلاس میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
جمعرات کے روز بیجنگ اولمپکس میں کل 24 تمغے دیے گئے۔ امریکہ نے مجموعی طورپر سب سے زیادہ تمغے حاصل کیے ہیں جن کی تعداد 83 ہے اور ان میں سونے کے 27 تمغے ہیں۔ چین نے سب سے زیادہ سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔ اس کے کل 81 تمغوں میں سے 45 تمغے سونے کے ہیں۔