افغانستان میں چھ عسکریت پسندوں سمیت آٹھ افراد ہلاک
September 5, 2008
افغانستان میں امریکی قیادت کی فوج نے کہا ہے کہ مغربی افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران کم ازکم چھ عسکریت پسند اور دو عام شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغان فوج کے کمانڈر غلام فاروق نحیمی نے کہا ہےکہ افغان اور امریکی قیادت کی فوج نے جمعے کی صبح صوبہ فرح کے باکوا ضلع کے علاقے میں ایک چھاپہ مارا۔
غلام فاروق کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے ایک مقامی طالبان کمانڈر ملا فضل کے گھر کو اپنا ہدف بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں ملا فضل ہلاک ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عورت اور بچہ بھی اس حملے میں مارے گئے۔
امریکی قیادت کے اتحاد نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں نے فرح صوبے میں افغان اور اتحادی فوجیوں کی ایک مشترکہ گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس پر فوجیوں نے فوری طورپر فضائی حملے کے لیے مدد طلب کی۔
صوبہ فرح سے ملحق ہرات صوبے میں افغان اور اقوام متحدہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہاں پر 22 اگست کو امریکی فضائی حملے میں کم ازکم 90 عام شہری ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔
امریکی قیادت کے اتحاد کا کہنا ہے کہ اس فضائی حملے میں 30 سے 35 تک عسکریت پسند اور پانچ تا سات عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔