عینی شاہدین کے مطابق مبینہ طور پر بغیر پائلٹ کے امریکی جہاز سے داغے گئے میزائل حملے سے شمالی وزیرستان کے علاقے گورویک میں کم از کم چھ مشتبہ افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس میں لگ بھگ 12افراد ہلاک ہوئے ہیں جس میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں تاہم آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
پاکستانی فوج کے ایک ترجمان نے کچھ کہنے سے یہ کہتے ہوئے گریز کیا کہ انہیں واقعے کی اطلاعات ملی ہیں اور اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔جمعرات کی شب بھی شمالی وزیرستان کے علاقے محمد خیل میں ایک مشتبہ میزائل حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
میزائل کے یہ دونوں حملے اس ہفتے اتحادی افواج کے کمانڈوز کی پاکستانی علاقے میں اس زمینی کارروائی کے بعد کیے گئے جس میں جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈے میں 20افرادکو ہلاک کردیا گیاتھا او رپاکستانی حکومت نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے تمام لوگ بے گناہ شہری ہیں۔
واضح رہے کہ 2001ء میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ اتحادی افواج نے پاکستانی سرزمین میں پہلی بار کارروائی کی ہے جو پاکستانی حکومت کے مطابق اتحادی افواج اور پاکستان کے درمیان طے شدہ معاہدوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔