موسمی طوفان حنا جمعے کی رات تک امریکی ساحل سے ٹکرائے گا
September 5, 2008
ہیٹی میں حنا کی وجہ سے آنے والا سیلاب
امریکی ریاستوں نارتھ کیرولائنا اور ورجینیا نے موسمی طوفان حنا سے نمنٹے کے لیے ہنگامی صورت حال کا اعلان کردیا ہے۔یہ طوفان اس وقت جنوب مشرقی ریاستوں کے قریب ہے اور وہ ہری کین کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
میامی میں واقع نیشنل ہری کین سینٹر نے کہا ہے کہ حنا کے ساتھ چلنے والی ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تیز ہواؤں اور بارشوں کو اپنے ساتھ لے کر چلنے والا یہ طوفان جمعے کی رات کو امریکی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔
ہنگامی صورت حال کی تیاریوں کے ایک حصے کے طورپر شمالی اور جنوبی کیرولائنا ، جارجیا اور فلوریڈا میں نیشنل گاڑرڈز کے دستوں کو تعینات کیاجارہا ہے۔
موسمی طوفان کے بارے میں جاری کیے جانے والے انتباہ جارجیا سے شمالی کیرولائنا اور ورجینیا کے سرحدی علاقوں کے لیے مؤثر ہیں۔موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طوفان کے نتیجے میں کچھ حصوں میں آٹھ سینٹی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے اور اس کے باعث سیلاب کی بھی توقع کی جارہی ہے۔
موسمی طوفان حنا ہیٹی میں سیلاب کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی لانے کے بعد اب امریکہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ہیٹی میں اس طوفان کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد کم ازکم 136 تک پہنچ چکی ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں طوفان حنا کا بری طرح نشانہ بننے والا شمالی شہر گونائیوزمیں ہوئیں ہیں۔