جارجیا کے مسئلے پر روس کی تنہائی بڑھ رہی ہے: کانڈولیزا رائس
September 5, 2008
امریکی وزیرِ خارجہ کانڈولیزا رائس
امریکی وزیرِ خارجہ کانڈولیزا رائس نے کہا ہے کہ روس جارجیا کےساتھ فائربندی کے معاہدے کی شرائط پر عمل میں ناکامی کے باعث اپنی تنہائی میں اضافہ کررہا ہے۔
وزیرِ خارجہ رائس نے جمعے کے روز لزبن میں نامہ نگاروں سے کہا کہ روس نے جارجیا کے ساتھ اپنے وعدوں کا احترام نہیں کیا۔ جارجیا کے بندرگاہ کے شہر پوٹی اور دوسرے علاقوں میں روس کی جانب سے اپنی فوجیں رکھنے پر امریکہ کئی بارنکتہ چینی کرچکا ہے۔
روس کا کہنا ہے کہ اس کے فوجی امن قائم رکھنے کے لیے ضروری خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
اس سے منسلک ایک اور خبر کے مطابق امریکی بحریہ کا ایک جہاز انسانی ہمدردی کا امداد سامان لے کر جمعرات کے روز پوٹی پہنچ گیا۔
ایک اور خبر کے مطابق امریکہ کے نائب صدر ڈک چینی جوامریکی اتحادیوں کے ساتھ حمایت کے اظہار کے لیے علاقے کے دورے پر ہیں، جمعے کے روز اپنی آخری منزل یوکرین پہنچے۔
جارجیا میں بین الاقوامی مبصر بھیجنے کے بارے میں یورپی یونین کے وزرا کا دو روزہ اجلاس جنوبی فرانس کے شہر ایوی نون میں شروع ہوگیا ہے۔