انگولا کے پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت جیت رہی ہے
September 7, 2008
انگولا میں گذشتہ 16 برسوں میں ملک میں پہلی بار ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت مکمل فتح کی جانب بڑھ رہی ہے۔
آدھے سے زیادہ ووٹوں کی گنتی ہونے تک حکمران جماعت ایم پی ایل اے نے تقریباً 82 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔ انگولا کی حزب اختلاف کی اہم جماعت یو این آئی ٹی اے کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد دس فی صد سے قدرے زیادہ ہے۔
یواین آئی ٹی اے کے راہنما عیسائس سماکوا نے اتوار کے روز کہا کہ حتمی نتائج سے ممکن ہے کہ انگولا کے عوام کی مرضی کی عکاسی نہ ہوسکے۔
ان کی جماعت انتخابی نظام کو یہ کہتے ہوئے کہ وہ عملی طورپر ناکام ہوچکاہے، آئینی عدالت سے دارالحکومت لواندا میں ووٹنگ کو منسوخ کرنے کی درخواست کرچکی ہے۔
انتخابی نگرانوں نے ووٹنگ کے عمل میں نقائص کی نشاندہی کی ہے لیکن مجموعی طور پر اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کیونکہ انتخابات کے دوران تشدد اور ہراساں کیے جانے کے واقعات بہت ہی کم یا برائے نام سامنے آئے۔