افغانستان میں پولیس ہیڈ کواٹرز پر خود کش حملے میں چھ افراد ہلاک
September 7, 2008
افغان عہدے داروں نےکہا ہے جنوبی شہر قندھار کے پولیس ہیڈکوارٹر میں دو خود کش بمباروں کے حملے میں کچھ پولیس اہل کاروں سمیت کم از کم چھ افراد ہلا ک ہوگئے۔
عہدے داروں نے کہا کہ دو خودکش بمباروں نے اتوار کے روز خود کو پولیس کی عمارت کے اندر دھماکے سے اڑا دیا۔ ان کا کہنا ہےکہ ایک پولیس کمانڈر عبدالرازق زخمی ہوا جو ممکنہ طور پر ان کا ہدف تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے دھماکوں کے فوراً بعد فوری طورپر عمارت کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔
اتوار کے روز ہی امریکی اور افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ دو الگ الگ واقعات میں کم ازکم 20 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
عہدے داروں کا کہنا ہےکہ مشرقی صوبے خوست میں امریکی قیادت کی فورسز نے کم ازکم 10 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جبکہ دوسرے دس صوبے ہلمند میں پولیس کی ایک چوکی پر حملے کے دوران ہلاک ہوئے۔
افغان پولیس نے کہا ہے کہ مغربی صوبے ہرات میں نیٹو کےایک قافلے پر ایک دوسرا حملہ اس کے بعد ناکام ہوگیا جب ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑایا لیکن کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔