پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان لو فنٹر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دو سفارتی دفاتر کو ایسے لفافے موصول ہوئے ہیں جن میں نامعلوم مشکوک مادہ تھا، جس کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے۔
ترجمان لو فنٹر نے کہا کہ اس مادے پر تجربات کیے جا رہے ہیں تاکہ اس کی شناخت کی جا سکے۔
فنٹر نے کہا کہ کراچی میں واقع قونصلیٹ اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کو جمعرات اور جمعے کے دن یہ لفافے ملے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں دفاتر کھلے ہیں اور معمول کا کام کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جن اہل کاروں نے لفافے کھولے تھے ان میں کسی بیماری کی علامت نمودار نہیں ہوئیں۔ فنٹر نے یہ نہیں بتایا کہ یہ لفافے کہاں سے بھیجے گئے تھے۔
لفافوں میں اینتھریکس جیسا خطرناک مواد بھیجا جا سکتا ہے جو لفافے کھولنے والوں یا اس مواد کو چھونے والوں کے لیے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔