پشاور کے نواح میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک شدگان 33 ہوگئی
September 7, 2008
پشاور کے قریب ہونے والے دھماکے سے بڑی پیمانے پر تباہی پھیل گئی
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کل ہفتے کے روز پشاور کے نواح میں ہونے والے خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم 33 ہو گئی ہے۔ پولیس نے آج اتوار کے دن ملبے سے مزید لاشیں نکالنے کے بعد یہ تعداد بتائی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق خود کش بمبار نے بارودی مواد سے بھری ہوئی گاڑی کو پولیس کی ایک چوکی سے ٹکرا کے دھماکے سے اُڑا دیا تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں پانچ پولیس کے اہل کار بھی شامل ہیں، جب کہ 80 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور اندیشہ ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
ادھر وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ ابھی تفتیش ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حملے کے بارے میں فی الفور کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔
ہمارے نمائندے شمیم شاہد نے خبر دی ہے کہ حملے میں ڈیڑھ سو کلو گرام تک کا بارودی مواد استعمال کیا گیا اور اب تک ہونے والے خود کش حملوں میں اس کا شمار بڑے حملے کے طور پر کیا جا سکتا ہے۔ بعض حکام کا خیال ہے کہ حملہ آور کا ہدف پشاور کی کوئی بڑی سرکاری عمارت بھی ہو سکتی تھی، تاہم چوکی پر رکنے کے سبب حملہ آور نے اپنی گاڑی کو اسی مقام پر دھماکے سے اڑا دیا۔