براک اوباما کی اہم ترین ریاستوں میں جان مک کین پر سبقت: نئی جائزہ رپورٹ
October 1, 2008
رائے عامہ کے ایک نئے جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار براک اوباما کو ان تین ریاستوں میں جان مک کین پر سبقت حاصل ہے جو وائٹ ہاؤس کا انتخاب جیتنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ۔
کُوئنی پِیاک یونیورسٹی کی جانب سے بدھ کے روز جاری ہونے والے اس جائزے سےظاہر ہوتا ہے کہ اوہائیو ، فلوریڈا اور پینسلوینیا کی ریاستوں میں سینیٹر اوباما کی حمایت 50 فیصد یا اس سے بھی زیادہ ہو گئی ہے ۔
یہ جائزہ جمعے کے روز کے صدارتی مباحثے کے بعد اور پیر کے روز امریکی اسٹاک مارکیٹوں کی زبردست مندی کے دوران کیا گیا تھا۔
جائزے سے سنیٹر اوباما کے بارے میں اس اعتماد میں اضافہ ہوا ظاہر ہوا ہے کہ وہ اقتصادی بحران سے نمٹ سکتے ہیں ۔
جائزے میں اوباما کی صدارتی مباحثے میں نمایاں بہتر کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کے ری پبلکن حریف کی نائب صدارتی امیدوار الاسکا کی گورنر سارہ پیلن کے لیے نسبتاً خراب رائے ظاہر کی گئی ۔
پیلن اوباما کے نائب صدارت کے ساتھی امیدوار سینیٹر جو بائیڈن سے جمعرات کے روز مباحثہ کریں گی ۔
توقع ہے کہ اوباما اور میک کین امریکی مالیاتی مارکیٹوں کے لیے ایک امدادی منصوبے کے لیے سینیٹ کی ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے بدھ کے روز واشنگٹن واپسی سے قبل معیشت کے بارے میں گفتگو کریں گے ۔