جنوبی کرغزستان میں ہنگامی سرگرمیوں سے متعلق ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ نورا گاؤں میں زلزلے نے علاقے کو مکمل طورپر تباہ کردیا ہے اور 60 رہائشی ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
ہنگامی صورت حال سے متعلق وزیر کامچی بک تاشی یف نے کہا ہے تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
امریکی جیالو جیکل سروے نے زلزلے کی شدت چھ اعشارہ چھ بتائی ہے۔ زلزلہ اتوار کی رات کو آیا اور اس کا مرکز سارے تاش کے جنوب مشرق میں 65 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
توقع ہے کہ کرغزستان کے صدر کرمان بیک باکی یف منگل کے روز چین کےساتھ ملک کی پہاڑی سرحد کے قریب اس دور افتادہ گاؤں میں ہونے والی تباہی کا جائزہ لیں گے۔
روس کی ہنگامی صورت حال سے متعلق وزارت خیموں سمیت انسانی ہمدردی کی امداد کرغزستان بھیج رہی ہے۔
پیر کے روز تبت میں بھی چھ اعشایہ چھ شدت کا ایک زلزلہ آیا جس کا مرکز تبت کے دارالحکومت لاسا کے مغرب میں تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔