جمعے کے روز بھارت میں دلائی لاما کے پتے کی پتھری کا کامیاب آپریشن ہوا۔
تبتیوں کے روحانی راہنما کے ایک ترجمان تن زین تاکھلا نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ انہیں ایک یا دو روز میں اسپتال سے فارخ کردیا جائے گا۔
73 سالہ دلائی لاما جمعرات کے روز نئی دہلی کے ایک اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ ان کے ساتھیوں کا کہناہے کہ وہ معمول کے ٹیسٹ تھے۔
میو کلینک کے مطابق پتے میں پتھری کولیسٹرول یا کیلشیم کے انجماد سےبنتی ہے اور اس کا عمومی علاج سرجری ہے۔
نوبیل انعام یافتہ دلائی لاما کا معمول کا میڈیکل فالو اپ اس ہفتے ہوگا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی صحت میں کوئی خرابی دکھائی نہیں دی اور وہ اپنا بیرونِ ملک سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔
اگست میں دلائی لاما پیٹ کی تکلیف کے باعث ایک بھارتی اسپتال میں داخل ہوئے تھے جس کی علامتیں پتے کی پتھری سے ملتی تھیں۔ اسپتال میں اپنے چار روزہ قیام کے دوران انہوں نے اپنے دو بیرونی دورے منسوخ کردیے تھے۔