امریکہ دہشت گردی کی فہرست سے شمالی کوریا کے مشروط اخراج پر تیار
October 10, 2008
جنوبی کوریا نے کہاہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا تعطل کے شکار اس معاہدے کو بچانے کے قریب ہیں جس کا تعلق شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کے خاتمے سے ہے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور جاپان نے جمعرات کے دن کہا تھا کہ بش انتظامیہ شمالی کوریا کی جانب سے اپنی جوہری سرگرمیوں کی تصدیق کا طریقہ کار بھیجنے پر رضامندی کے بدلے میں مشروط طورپر اسےدہشت گردی کی فہرست سے خارج کرنے پر تیار ہوسکتی ہے۔
جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ یو میونگ ہوان نے جمعے کے روز سیؤل میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس سمجھوتے کا اعلان مستقبل قریب میں کیا جاسکتا ہے۔ یو نے کہا کہ معاہدہ شمالی کوریا کے پلوٹونیم سے منسلک سرگرمیوں پر مرکوز ہوگا۔
جاپان کی کیوڈو نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ امریکہ جمعرات کے روز تصدیق کے ایک ایسے منصوبے کو قبول کرنے پر متفق ہوگیا ہے جس میں یورینیم کی افزودگی کے مشتبہ پروگرام یا ایٹمی پھیلاؤ سے متعلق سرگرمیوں کی تفصیل شامل نہ ہو۔