امن کا نوبیل انعام فن لینڈ کے سابق صدر مارٹی اہتساری کے نام
October 10, 2008
امن کا نوبیل انعام فن لینڈ کے سابق صدر مارٹی اہتساری کو کوسوو اور نمیبیا کے تنازعات کے پرامن حل کے لیے مصالحانہ کوششوں پر دیا گیا ہے۔
نوبیل کمیٹی نے کہا ہے کہ مارٹی اہتساری کی 30 سال سے زیادہ عرصے پر محیط کوششوں نے دنیا کو مزید پرامن بنانے میں مدد دی ہے۔
نوبیل کمیٹی کا کہنا ہے کہ 71 سالہ مارٹی نے 1990ءمیں نمیبیا کی آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ مسٹر اہتساری نے جمعے کے روز کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی قوم کے لیے اپنی کوششوں کو سب سے اہم کام تصور کرتے ہیں۔
ان کا تازہ ترین منصوبہ یہ تھا بین الاقوامی نگرانی میں کوسوو کو آزادی دی جائے۔ اس منصوبے پر اب عمل درآمد ہورہاہے۔
انہوں نے عراق، انڈونیشیا اور شمالی آئرلینڈ میں بھی قیام امن کے لیے خدمات سرانجام دیں ہیں۔
نوبیل کمیٹی نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ دوسرے افراد بھی ان کی کامیابیوں او ر کوششوں کا اثر قبول کریں گے۔