فرانسیسی اور جرمن رہنماؤں نے یورپی بحالی فنڈ کی تجویز کو مسترد کر دیا
October 11, 2008
فرانسسی صدر نکولا سارکوزی اور جرمن چانسلر اینگلا مرکیل نے یورپی یونین کے لیے مالی بحالی کے مشترکہ پیکیج فنڈ کی تشکیل کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
مسٹر سارکوزی نے ہفتے کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ اِس طرح کی مالی اعانت 27قومی بلاک کی طرف سے فوری مربوط اقدام لینے کی راہ میں مسائل پیدا کرے گی۔
دونوں رہنما ؤں کی طرف سے یہ اعلان ہفتے کو مشرقی فرانس میں دوسری عالمی جنگ کی یاد میں منعقدہ تقریب کے بعد سامنے آیا۔
اتوار کو پیرس میں ہونے والے اجلاس میں یورپی ممالک کے 15 قائدین مشترکہ یورو کرنسی کو استعمال کرتے ہوئے، مالی بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طرزِ عمل اپنانے پر غور کریں گے۔
برطانوی وزیرِ اعظم گورڈن براؤن بھی اجلاس میں شرکت کریں گے،حالانکہ برطانیہ یوروزون کا حصّہ نہیں ہے۔