گورنر پیلین نے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا: پینل کی رپورٹ
October 11, 2008
گورنر پیلین
ریاست الاسکا کے ایک قانون ساز پینل نے یہ رپورٹ دی ہے کہ ری پبلیکن پارٹی کی نامزد نائب صدارتی امیدوار سیرا پیلین نے ریاستی گورنر کے طور پر اس وقت اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا جب انہوں نے عہدے داروں کو اس سرکاری فوجی کو برطرف کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جس کی کسی زمانے میں ان کی بہن سے شادی ہوئی تھی۔
جمعے کو اس معاملے کی تفتیش کرنے والے دوجماعتی پینل کی جانب سے جاری کی گئی اس رپورٹ میں گورنر پیلین کو ریاست کے اس اخلاقی قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا جو سرکاری عہدے داروں کو اپنے ذاتی فائدے کے لیے اپنے منصب کے استعمال کی ممانعت کرتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پیلین نے اپنے شوہر ٹاڈ پیلین کو اپنے ملازمین پرایک ریاستی فوجی اہل کار مائک ووٹن کو برطرف کرنے کا کوئی طریقہ تلاش کرنے پر زور ڈالنے کے لیے الاسکا کے گورنر کے دفتر اور اس کے وسائل استعمال کرنے کی اجازت دی۔
یہ تفتیش الاسکا کے پبلک سیفٹی کمشنر والٹر مونی گن کی برطرفی پر مرکوز تھی جنہوں نے کہا کہ انہیں ووٹن کی برطرفی سے انکار کی بنا پر برخواست کیا گیا تھا۔
تفتیش سے معلوم ہوا کہ اگرچہ پیلین کو مونی گن کو برخواستگی کے حقوق حاصل تھے تاہم انہوں نے اپنے ماتحتوں پر ایک ایسے طریقے سے دباؤ ڈالنے پر ، جو ان کی ذاتی خواہشات کی تسکین کرتا تھا، عوامی اعتماد کی خلاف ورزی کی تھی۔
مک کین اور پیلین کی صدارتی مہم کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیلین نے مونی گن کو برطرف کرنے کا فیصلہ قانون کے دائرے کے اندر رہتےہوئے کیا تھا ۔ مہم نے اس تفتیش کو نائب صدارتی امیدوار پر ایک مخالفانہ حملہ قرار دیا۔ گورنر پیلین نے کہا ہےکہ مونیگن کو بجٹ کے ایک قانونی تنازع کے سلسلے میں برخواست کیا گیا تھا۔