اقتصادی بحران پر قابو پانے کے لیے مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے: صدر بش
October 11, 2008
امریکی صدر جارج بش نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی قوتیں عالمی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے پر رضامند ہوگئی ہیں۔
صدر بش نے یہ تبصرہ واشنگٹن ڈی سی میں جی سیون کے وزرائے خزانہ کے ایک اجلاس کے لیے اکٹھے ہونے والے بین الاقوامی مالیاتی سربراہوں کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کیا۔
صدر بش نے کہا کہ صورت حال کی بحالی کی کوشش میں کسی ایک ملک کو کسی دوسرے ملک کے اقدامات کی اہمیت کو گھٹانے یا اس سے اختلاف نہیں کرنا چاہیے۔
صدر نے کہا وزرائےخزانہ نے اہم مالیاتی اداروں کی مدد اور انہیں ناکامی سے بچانے کا عزم کیا ہوا ہے۔
صدر بش نے کہا ہے وزراء بینکوں کے کھاتوں کے تحفظ اور قرضوں کی مارکیٹ کے انجماد کو توڑنے کے لیے مالیاتی اداروں کو متحرک کرنے کے لیے تیزی سے کام کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزراء ٹیکس دہندگان کو تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی متفق ہیں ۔
عالمی اقتصادی بحران سے دنیا بھر میں اسٹاک مارکیٹیں بیٹھ گئی ہیں۔
کل اتوار کو پیرس میں بھی یورپی ملکوں کا ایک اجلاس متوقع ہے، جس میں جاری عالمی مالیاتی بحران پر غور کیا جائے گا۔