افغانی حکام کا کہنا ہے کہ شر پسندوں کےحملے میں کم از کم 8 شہری ہلاک ہو گئے۔غزنی صوبے کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ آج پیر کے روز سڑک کے کنارے نصب بم کے پھٹنے سے چھ شہری ہلاک ہو گئے۔
دوسری طرف امریکی فوج نے کہا ہے کہ افغان اور بین لاقوامی فوجیوں نے تازہ ترین لڑائی میں 14 طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ دو عام شہری اپنے گھر پر باغیوں کے ا یک راکٹ کے لگنے سے ہلاک ہوگئے۔
امریکی قیادت کے اتحاد اور افغان فورسز نے کہا ہے کہ انہوں نے پیر کی صبح صوبے غزنی میں 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ اسی علاقے میں اتوار کے روز ایک اور مشترکہ کارروائی میں 9 طالبان باغی ہلاک ہوگئے۔
عام شہریوں کی یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں کہ جب غیر ملکی فوجیوں کو خوست میں ہدف بنا کر پھینکا گیا ایک راکٹ اپنے نشانے سے چوک کر ایک مکان پر جا گرا۔ ایک بوڑھی عورت اور ایک بچہ ہلاک اور تین دوسرے افراد زخمی ہوگئے۔
یہ لڑائی ایسے میں ہوئی جب افغانستان میں نیٹو کے اعلیٰ کمانڈر امریکی فوجی جنرل مک کیرنن نے میڈیا کی ان رپورٹوں پر تنقید کی کہ نیٹو اور افغان فورسز جنگ ہار رہی ہیں۔
تاہم جنرل نے یہ تسلیم کیا کہ وہ شورش سے نمٹنے کے لیے مزید فوجی چاہیں گے۔