 |
|
رام چند کا رول ادا کرنے والا اداکار |
حال ہی نیویارک میں ہونے والے فلم فیسٹول ٹریبیکا میں ایک پاکستانی فیچر فلم رام چند دکھائی گئی۔ یہ فلم ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے جس میں ایک شخص اپنے بچے کے ساتھ غلطی سے سرحد عبور کرکے بھارت چلاجاتا ہے جہاں اسے کئی سال تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑتی ہیں۔
فلمی میلے میں فلم رام چند کو ، جسے ایک پاکستانی ڈائریکٹر نے تیار کیا ہے، بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے اور اس کے شو ہاؤس فل جارہے ہیں۔ کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ اس فلم میں لوگوں کی دلچسپی کی وجہ انسانی جذبات کی بہتر عکاسی ہی نہیں بلکہ کچھ عرصے سے عالمی میڈیا میں دو پاکستانی بچوں کے سرحد عبور کرکے بھارت چلے جانے اور پاکستان میں بھارتی قیدیوں ، کشمیر سنگھ اور سربجیت سنگھ ، کی خبروں اور تبصروں نے بھی اس فلم کے شائقین کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے۔
اس فلم فیسٹول کا آغاز نیویارک میں گیارہ ستمبر کے دہشت گرد حملوں کے کچھ عرصے بعد کیا گیا تھا۔ ان حملوں میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دو عظیم بلندو بالا ٹاور زمین بوس ہوگئے تھے اور اس کے ملبے میں دب کر ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس فیسٹول کا مقصد لوگوں کو زندگی کی طرف واپس لانا اور شہر کی رونقوں کو پھر سے بحال کرنا تھا۔ ٹریبیکا فلم فیسٹول میں شائقین کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اور یہ پہلا موقع ہے اس فلمی میلے میں ایک پاکستانی ہدایت کار کی بنائی ہوئی فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔