ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام اور وسیع تر سیکیورٹی کے معاملات کے بارے میں عالمی طاقتوں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے نئی تجاویز کی پیش کش کررہا ہے۔
یورپی یونین کے لیے ایران کے سفیر علی اصغر خازی نے بدھ کے روز کہا کہ ایران متعدد سیکیورٹی اور اقتصادی امور کے ساتھ ساتھ جوہری امور پر بھی گفتگو کرنا چاہتا ہے۔
ایرانی عہدے داروں نے یہ تجاویز یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ ہاویز سولانا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بن کی مون کو پیش کردی ہیں۔ مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
امریکہ اور پانچ دوسری عالمی طاقتیں برطانیہ، فرانس ، چین، جرمنی اور روس اس مہینے کے شروع میں یورینیم کی افزودگی روکنے کے بدلے میں ایران کو مراعات کا نیا پیکج دینے پر متفق ہو گئے تھے۔ اس پیکج میں سیاسی اور اقتصادی مراعات شامل ہیں۔