دنیا بھر میں اسماعیلیہ فرقے کے روحانی پیشوا، پرنس کریم آغا خان نے حیدرآباد میں تقریباً ایک ارب روپے کی سرمایہ کاری سے آغا خان اکیڈمی کے قیام کا اعلان کیا ہے، اور پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کی خواہش ظاہر کی ہے۔
پرنس کریم آغا خان، جو بھارت کے ایک روزہ دورے پر آئے ہوئے تھے، ریاست کے گورنر اور وزیرِ اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے منصوبوں سے واقف کرایا۔
حکومت نے شہر کے مضافاتی علاقے میں آغا خان اکیڈمی کے قیام کے لیے اراضی مقرر کی ہے۔اِس ضمن میں دیگر اداروں کے علاوہ ایک بین الاقوامی اسکول بھی ہوگا۔
پرنس آغا خان نے اکیڈمی کے قیام سے متعلق مقام کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
اُنہوں نے وزیرِ اعلیٰ کو بتایا کہ دنیا کی نامور درسگاہوں کے اشتراک سے آغا خان فاؤنڈیشن حیدرآباد میں نرسنگ سہولت کا آغاز کرے گا۔ آغا خان نے تعلیم اور صنعت سے متعلق حکومت کی اسکیموں میں ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔
آغا خان نے اسماعیلیہ فرقے کے افراد کے لیے ٹاؤنشپ کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہےوزیرِ اعلیٰ نے نالج سوسائٹی کی تشکیل کے لیے آغا خان کے عالمی مشن کی ستائش کی۔
گذشتہ دو برسوں میں آغا خان کا یہ دوسرا دورہٴ حیدرآباد ہے۔ اُن کی آمد کے موقعے پر اسماعیلیہ فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد اپنے روحانی پیشوا کی جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوگئی۔
واضح رہے کہ گجرات اور مہاراشٹر کے ساتھ آندھرا پردیش میں اسماعیلیہ فرقے سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد بستی ہے۔آغا خان کے ہمراہ آغا خان فاؤنڈیشن کے اہم عہدے دار موجود تھے۔